مقبوضہ مغربی کنارے میں صہیونی فوج کےساتھ سیکیورٹی تعاون کے سلسلے میں صدر محمود عباس کی ملیشیا اور قابض فوج کا مشترکہ گشت جاری ہے. مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ہفتے کی شام قابض صہیونی فوج اور عباس ملیشیا نے الخلیل میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی تلاش میں مشترکہ گشت کیا ہے. مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی فوجی جیپوں کے ہمراہ عباس ملیشیا کی "گلف” ماڈل کی فوجی گاڑیوں کو الخلیل شہر کی سڑکوں پر گشت کرتے دیکھا گیا ہے. عباس ملیشیا کی گاڑیاں صہیونی فوجی جیپوں کے آگے پیچھے رکھے گئی تھیں جس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ عباس ملیشیا قابض فوجیوں کو گشت کے دوران سیکیورٹی فراہم کر رہی تھی. ادھر عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہفتے کی شام قابض اسرائیلی فوجیوں نے شہر میں گشت کے دوران کئی مقامات پر ناکے لگا کر فلسطینیوں کی گاڑیوں کی تلاشی لی. الخلیل کے شمال میں عتصیون یہودی کالونی کے قریب کئی گھنٹے تک ناکے لگا کر فلسطینیوں کی گاڑیوں کی تلاشی لی جاتی رہی. عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض فوج اور عباس ملیشیا دونوں اس کارروائی میں شریک تھیں. ادھر الخلیل کے جنوب میں صنعتی علاقے میں بھی قابض فوج اور عباس ملیشیا کی مشترکہ کارروائیوں اور گشت کی اطلاعات ہیں. عینی شاہدین کے مطابق قابض فوج کے عباس ملیشیا کے اہلکاروں کے ہمراہ جنوبی علاقوں میں نہ صرف سڑکوں پر گشت کیا بلکہ گھر گھرتلاشی کا سلسہ بھی جاری رکھا گیا، تاہم آخری اطلاعات آنے تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا تلاشی کی اس کارروائی میں کسی شخص کو گرفتار کیا گیا یا نہیں.