(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض صیہونی افواج کے مظالم کے خلاف برسرپیکار فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے اسرائیل کے غزہ معاہدے پر عمل درآمدے نہ کرنے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے اسرائیل کو آگاہ کیا ہے کہ معاہدے میں کیے گئے نکات پر فوری عمل درآمد کیا جائے ورنہ صیہونی ریاست نتائج کی ذمہ دار خود ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے برائے مشرق وسطیٰ امن عمل نکولائی ملادینو سے ٹیلیفونک بات چیت کرتے ہوئے اسماعیل ھنیہ نے آگاہ کیا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ معاہدے پر عمل نہیں کیا جارہا ہے۔ دونوں فریقین نے غزہ پٹی کی حالیہ صورتحال پر گفتگو کی اور مصر اور اقوام متحدہ کی کوششوں سے کئے گئے اسرائیل،فلسطین معاہدے پر عمل درآمد کے حوالے سے بھی جائزہ لیا۔
دونوں سربراہوں نے حق واپسی کے پر امن ہفتہ واری مارچ کے بارے میں بھی گفتگو کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ معاہدے پر اتفاق کے کیے غزہ بارڈر پر امن رہنا ضروری ہے،اسماعیل ھنیہ نے مطالبہ کیا کے پرامن مظاہرین پر طاقت کا استعمال فوری طور پر بند کیا جائے۔
گفتگو کے اختتام پر حماس کے رہنما نے اقوام متحدہ کی ریاست فلسطین میں امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ امن عمل کو جاری رکھنے کے لیے تمام فریقین کا مستقل رابطے میں رہنا ضروری ہے۔