غزہ میں اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے شہریوں کو اطمینان دلایا ہے کہ وہ مصرمیں جاری عوامی احتجاج سے پریشان نہ ہو.غزہ کی پٹی میں ایندھن سمیت تمام ضروری اشیاء کی کوئی قلت نہیں ہونے دی جائے گی۔ غزہ حکومت کے میڈیا آفس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سرحدپار مصر میں جاری عوامی احتجاج کاغزہ کی پٹی پر کوئی منفی اثر نہیں پڑا. مصرسے تمام ضروری سامان کی آمد وترسیل کا عمل معمول کے مطابق جاری ہے. حکومت نے شہریوں کوخبردارکیا ہے کہ وہ تخریب کارعناصرکی سرگرمیوں پر نظررکھیں اور کسی کو بدامنی پھیلانے اورقانون ہاتھ میں لینے کا موقع نہ دیں. فلسطینی حکومت کا کہنا ہے کہ شہر میں بنیادی ضرورت کی اشیاء کی قیمتیں بھی معمول کے مطابق ہیں. کسی چیز کی قلت ہے اور نہ ہی گرانی کا کوئی خطرہ ہے. بیان میں میڈیا پر آنے والی ان اطلاعات کوبے بنیاد قرار دیا گیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ مصر سے غزہ کی پٹی کو گیس اور بجلی کی فراہمی معطل کر دی گئی ہے. خیال رہے کہ قبل ازیں خبرآئی تھی کہ مصرمیں جاری عوامی احتجاج اور ہنگاموں کے بعد عارضی طور پر سرحد کو بند کردیا گیا ہے اورغزہ کی پٹی کو سامان اور گیس کی سپلائی روک دی گئی ہے.