(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قطر کے وزیر اعظم نے نیتن یاہو کی دھمکیوں کو مسترد کر دیا ہے، اور کہا ہے کہ جنگی جرائم کے مُرتکب وزیر اعظم کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا۔
قطر کے وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم الثانی نے سی این این کو انٹرویو میں دو ٹوک مطالبہ کیا کہ قابض اسرائیلی وزیرِ اعظم کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا، انھوں نے کہا نیتن یاہو خود پرست ہیں، دنیا کو قوانین پر لیکچر نہ دیں جب کہ وہ خود سارے قانون توڑ رہے ہیں۔
انھوں نے کہا نیتن یاہو غزہ میں لوگوں کو بھوکا مار رہے ہیں ، خطے میں جارحیت کر رہے ہیں اور اب وہ کیا کرنا چاہتے ہیں۔ نیتن یاہو عالمی عدالت کو جنگی جرائم میں مطلوب ہیں ان کا احتساب ہونا ضروری ہے۔
قطری وزیر اعظم نے مزید کہا کہ غاصب اسرائیلی حملے کا جواب علاقائی شراکت داروں سے مشورے کے بعد دیں گے۔
قطری وزارت خارجہ کا بھی کہنا ہے کہ نیتن یاہو کو اپنے عمل کا حساب دینا ہوگا۔ انھوں نے واضح کیا کہ سفاکانہ اسرائیلی اقدام کا رد عمل خطے کی طرف سے آئے گا کیوں کہ پورا خلیجی خطہ خطرے میں ہے یہ ردعمل فی الحال خطے کے دیگر شراکت داروں کے ساتھ مشاورت اور بات چیت کے تحت طے کیا جا رہا ہے۔