فلسطین کی آئینی حکومت کے وفد نے حج کے موقع پر مکہ مکرمہ میں عمان کے حج وفد کے سربراہ ڈاکٹر کھلان بن نبھان خروصی سے ملاقات کی اور انہیں غزہ کی صورت حال اور فلسطینی حکومت کی جانب سے حاجیوں اور فلسطینی عوام کے لئے پیش کئے جانے والے پروگرام سے آگاہ کیا- فلسطینی وفد کے سربراہ وزیراوقاف ڈاکٹر طالب ابو شعر نے وزیراعظم اسماعیل ھنیہ کی جانب سے عمان کی حکومت کو نیک خواہشات پہنچائیں اور مسئلہ فلسطین کی حمایت اور مدد پر عمانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا – طالب ابو شعر نے فلسطینی وزارت اوقاف کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ گرمیوں کی چھٹیوں میں قرآن کیمپ کا انتظام کیاگیا جس میں دو ہزار مرد و خواتین نے قرآن کریم کا حفظ مکمل کیا- غزہ میں وزارت اوقاف کے تحت 36زکوة کمیٹیاں کام کررہی ہیں – جوغریبوں اور محتاجوں میں سامان کی صورت میں اور نقدی امداد تقسیم کرتی ہیں- وزارت اوقاف غزہ میں 750 مسجدوں کی دیکھ بھال کر رہی ہے – طالب ابو شعر نے کہاکہ وزارت اوقاف نے مسجد اقصی اور بیت المقدس سے اظہار یکجہتی کے لئے ملین دستخط مہم شروع کی – جس میں مسجد اقصی کے لیے اظہار یکجہتی اور بیت المقدس کو یہودیانے کی اسرائیلی سازش کے خلاف دستخط لئے گئے- وزیراوقاف نے غزہ جنگ میں مسجدوں کو پہنچنے والے نقصانات کے حوالے سے کہاکہ صہیونی جارحیت کے دوران 46 مسجدیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جبکہ ایک سو مساجد کو جزوی نقصان پہنچا- تباہ ہونے والی مساجد اور وزارت اوقاف کی عمارتوں کی تعمیر نو کا تخمینہ دو کروڑ پچاس لاکھ ڈالر ہے -اس موقع پر عمان کے حج وفد کے سربراہ نے فلسطینی عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ ان کا ملک مسئلہ فلسطین کی ہر سطح پر مدد جاری رکھے گا