فلسطینی شہر غزہ میں شہریوں نے اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی "اونراوا” کی جانب سے منہدم مکانات کی تعمیر کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کر دیا ہے. مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اتوار کو رفح کے مقام سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد نے "اونروا” کےدفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا. مظاہرین نے ایجنسی کے باہر خیمے لگا کر احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا تاہم اقوام متحدہ کے اہلکاروں نے انہیں یقین دلایا کہ اسرائیلی فوج کی بمباری میں ان کے تمام منہدم مکانوں کی تعمیر کا وعدہ جلد پورا کیا جائے گا. اقوام متحدہ کی جانب سے یقین دہانی کے بعد شہریوں نے احتجاجی کیمپ ختم کر دیا تاہم مظاہرین نے خبردار کیا کہ ان کے مکانات تعمیر نہ کئے گئے تووہ دوبارہ احتجاج شروع کریں گے. خیال رہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے غزہ اور مصرکے درمیان سرحدی علاقے رفح اور شہر کےو سط میں خان یونس میں سنہ 2000 سے 2006ء تک بمباری کر کے 2700 مکانات مکمل طور پر مسمار کر دیے تھے، جبکہ ہزاروں مکانات کو جزوی نقصان پہنچا تھا. اقوام متحدہ کی جانب سے مقامی شہریوں سے کئی مرتبہ وعدہ کیا گیا تھا کہ وہ منہدم شدہ تمام مکانات کی تعمیر کو یقینی بنائے گی تاہم شہریوں کے مطالبات کے باوجود اس پر پس وپیش سے کام لیا جاتا رہا ہے.