اگر ہمیں فلسطینی بھائیوں کی مدد و نصرت کا موقع ملا تو یہ ہماری خوش قسمتی ہوگی۔ (صوبائی وزیر اطلاعات محترمہ شازیہ مری کا فلسطین فاؤنڈیشن کے محفل مشاعرے سے خطاب) کراچی () صوبائی وزیراطلاعات شازیہ مری نے کہا کہ فلسطین سے متعلق ماضی میں عالمی سطح پر غیر قانونی و غیر اخلاقی فیصلوں کی وجہ سے ارضِ فلسطین پر گذشتہ ساٹھ سال سے کشت و خون کا سلسلہ جاری ہے ،افسوس کی بات یہ ہے کہ ہم آج تک اس موضوع پر صرف گفتگو کر رہے ہیں ۔ جبکہ فلسطینی مسلمان اپنی ہی زمین پر بے گھر کردئیے گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”دفاع فلسطین دفاع پاکستان مہم ”کے سلسلے میں کراچی آرٹس کونسل میں منعقدہ محفل مشاعرہ ”بنام آزادیئ فلسطین و مسجد الاقصیٰ ”سے خطاب کے دوران کیا ۔مشاعرے کا انعقاد فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے کیا۔مشاعرہ میں مشہور و معروف شعراء کرام نے متعلقہ موضوع پر اپنی منظومات پیش کیں منظومات پیش کرنے والوں میں انور شعور ، پروفیسر سحر انصاری اور اعجاز رحمانی کے نام بھی شامل ہیں جبکہ معروف شاعر فراست رضوی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔اس محفل کے انعقاد کا مقصد ادیبوں اور شاعروں کو فلسطین کے سلگتے ہوئے مسئلہ کی طرف متوجہ کرنا تھا تو دوسری جانب فلسطینی ادب کا پاکستانی معاشرے میں فروغ تھا۔ 




