(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ سے اسرائیلی سرحدی علاقوں میں قائم یہودی بستیوں پر متعدد آتش گیر گیسی غباروں سے حملہ کیا گیا ہے ، گیسی غبارے یہودی آبادی میں مختلف علاقوں میں گرے اور آگ لگانے کا باعث بنے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی نیوز ویب سائٹ نے اسرائیلی فوج کی جانب سے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ روز غزہ کے سرحدی علاقوں سے کم سے کم 15 آتش گیر غباروں سے اسرائیل کی یہودی کالونیوں جن میں عسقلان کے ساحلے علاقے سمیت نیتفوت اور سدیروت یہودی کالونیوں پر حملے کئے گئے ، آتش گیر غبارے جہاں گرے وہاں آگ لگ گئی تاہم فوری طورپر کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی
آتش گیر غباروں کے حملوں سے صہیونی ریاست کی حدود میں فصلوں سمیت اہم تنصیبات میں آتش زنی کے متعدد واقعات کے بعد اسرائیل نے سامان کی ترسیل کے واحد راستے کرم ابو سالم گذرگاہ پر پابندیوں کو مزید سخت کر دیا ہے، اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اگر آتش گیر گیسی غباروں کے حملے بند نہ ہوئے تو اس کو سخت اقدامات کرنا پڑیں گے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال آتش گیر گیسی غباروں کے حملوں میں کے نتیجے میں اسرائیل کو 90 لاکھ شیکل کا معاشی نقصان اٹھانا پڑا ہے، جبکہ مجموعی طور پر 6000 دونم کے علاقے آگ کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔