فلسطین میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم "مرکز برائے انسانی حقوق” نے فلسطین میں اسرائیل کی روز مرہ کی ریاستی دہشت گردی اور بچوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ غزہ میں تنظیم کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج دانستہ طور پر فلسطینی شہریوں بالخصوص بچوں کو قتل کر رہی ہے، ایسے میں عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسرائیل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے جنگی جرائم کی تحقیقات کرائے۔ بیان میں کہا گیا کہ قابض فوج کی جانب سے شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کی بےشمار مثالیں موجود ہیں جن میں بے گناہ افراد کو نہایت بے دردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا جاتا ہے۔ اسرائیلی فوجی ایک کلو میٹر دور کسی بھی کسان یا عام شہری کو شک کی بنا پرگولیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں حالانکہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے بھی فوج کو ہدایت ہے کہ وہ خطرے کی صورت میں پانچ سو میٹر کے فاصلے سے کسی مشتبہ شخص کو نشانہ بنائے۔