(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس کی قیادت ملائیشیا کےدورے کے دوران وزیراعظم مہاتیر محمد اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات میں قضیہ فلسطین سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گی۔
مقبوضہ فلسطین میں قابض صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کی قیادت میں جماعت کا ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد گزشتہ روز ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور پہنچا ہےجہاں وہ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد سمیت دیگر اہم ہ نماؤں سے ملاقات کریں گا۔
جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کی قیادت نے یہ دورہ ایک ایسےوقت میں کیا ہے جب حماس قضیہ فلسطین کے لیے عالمی حمایت کے حصول کے لیے کوشاں ہے تاکہ قضیہ فلسطین کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ حماس کی قیادت نے حالیہ عرصے کے دوران جماعت کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کی قیادت میں عالمی رہ نماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا۔
اسماعیل ھنیہ نے اپنے بیرون ملک دورے کا آغاز مصرسے کیا جہاں انہوں نے مصری انٹیلی جنس چیف میجر جنرل عباس کامل سے دو طرفہ دلچسپی کےامور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس کے بعد انہوں نے قطر کے دورے کے دوران امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی۔ اس کے بعد وہ ترکی کے دارالحکومت انقرہ پہنچے۔ انقرہ سے ایران اور اس کے بعد سلطنت عمان کا دورہ کیا۔ اگلے مرحلے میں وہ ملائیشیا پہنچے ہیں جہاں وہ ملائیشیا کی قیادت سے ملاقاتوں میں قضیہ فلسطین، القدس، الاقصیٰ ، غزہ کی پٹی اور دوسرے مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔