(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض اسرائیلی ریاست کی جانب سے مصائب میں مبتلا فلسطینیوں کو بے گھر کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ دو ہفتے کے دوران قابض اسرائیلی حکام نے غرب اردن میں فلسطینیوں کی زیر ملکیت 24 گھر ڈھا دیئے۔
تفصیلات کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے گزشتہ دو ہفتے میں غرب اردن کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں کے زیر ملکیت 24 گھر مسمار کردیئے ،اور متعدد گھروں کو گرانے کے لیے نوٹس جاری کردیئے۔
اقوام متحدہ کے مرکز برائے انسانی حقوق اوچا کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام کی جانب سے فلسطینیوں کی املاک کو غیر قانونی قرار دے کر ان کی مسماری کا سلسلہ جاری ہے۔ دو ہفتوں کے دوران غرب اردن میں فلسطینیوں املاک کی مسماری کے دو درجن واقعات میں 24 املاک کو مسمار کردیا گیا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فلسطینیوں کی املاک کی مسماری کے نتیجےمیں 80 فلسطینی بے گھرہوئے جب کہ سیکڑوں فلسطینی بالواسطہ طور پرمتاثر ہوئے ہیں۔