(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین الیکشن کمیشن کے چیئرمین نے فلسطین میں صدارتی الیکشن کے لئے حماس کی جانب سے تحریری جواب وصول کرنے کیلئے غزہ کا دوراہ کیا اور اس دوران حماس کے سربراہ سے ملاقات میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع کے مطابق فلسطین کے الیکشن کمیشن کے چیئرمین حنا ناصر نے ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ منگل کے روز بیت ھانون گزرگاہ سے غزہ پہنچے جہاں انھوں نے اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ سے ملاقات میں فلسطین میں مجوزہ انتخابات کی تیاریوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جبکہ اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ بعض دیگر فلسطینی سیاسی گروپوں کی قیادت سے بھی ملاقاتیں کیں۔
خیال رہےکہ 28 اکتوبر 2019ء کو حماس نے فلسطین میں مرکزی کونسل، صدارتی اور پارلیمانی انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے کا اعلان کیا تھا۔سنہ 2005ء میں فلسطین میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں صدر محمود عباس کی کامیابی کے بعد سنہ 2006ء میں پارلیمانی انتخابات منعقد ہوئے تھے جن میں حماس نے بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کی تھی۔