(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) دنیا بھر میں آج مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور غاصب صیہونی ریاست کی دہشتگری کے خلاف عالمی یوم القدس منایا جارہا ہے، اس موقع پر پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی یوم القدس کی تقاریب اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا۔ یہ دن فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے اور قبلہ اول کی آزادی کی جدوجہد میں ان کی حمایت کا مظہر ہے۔
پاکستان میں، خاص طور پر کراچی اور لاہور میں، فلسطینیوں سے یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں اور مختلف تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ لاہور میں مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے پریس کلب پر القدس کی یاد میں چراغاں کیا گیا اور تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کی۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ باقر زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "شہدائے راہ بیت المقدس کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور ان کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی”۔
کراچی میں بھی یوم القدس کے موقع پر ایک بڑی ریلی نکالی گئی نمائش چورنگی سے تبت سینٹر تک جانے والی اس ریلی میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ٹریفک پولیس نے شہریوں کو متبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
عالمی یوم القدس کے موقع پر فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا یہ اظہار دنیا بھر میں فلسطین کی آزادی کے لیے عالمی سطح پر آواز اٹھانے کا ایک اہم موقع ہے، جس کے ذریعے اسرائیلی بربریت کی مذمت کی جاتی ہے اور فلسطینی عوام کی حمایت کی جاتی ہے۔ اس دن کا مقصد نہ صرف فلسطینی عوام کی حالت زار پر روشنی ڈالنا ہے بلکہ عالمی برادری کو یاد دلانا ہے کہ بیت المقدس کی آزادی تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔