کراچی:(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے ملک بھر میں یوم القدس کانفرنسوں کے انعقاد کے بعد کراچی میں تحریک آزادی القدس کی جانب سے نکالی جانے والی مرکزی آزادی القدس ریلی کے دوران فلسطین میں ڈھائے جانیوالے صہیونی مظالم کی منظر کشی کے لئے تصویری نمائش کا انعقاد کیا۔ تصویری نمائش مرکزی مقام سی بریز سینٹر کے سامنے لگائی گئی تھی جہاں مختلف تصاویر آویزاں کی گئی تھی جن میں صہیونی جارح اور جعلی ریاست اسرائیل کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں پر روا رکھے جانے والے مظالم کو آشکار کیا گیا تھا۔
تصویری نمائش میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور شہریوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔
یوم القدس کے موقع ہر منعقدہ تصویری نمائش میں سیاسی ومذہبی رہنماؤں سمیت سول سوسائٹی اور یوتھ تنظیموں بشمول سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، اسرار عباسی، مسلم پرویز، ڈاکٹر عالیہ امام، عرم بٹ، پیر ازہرعلی ہمدانی، عمران شہزاد، مولانا صادق رضا ، مولانا جعفر سبحانی، یوتھ پارلیمنٹ سے ڈاکٹر اقرا رضوی، اسد، فیضان، محسن اور دیگر نے شرکت کی۔
میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سربراہ صابر ابو مریم کا کہنا تھا کہ یوم القدس کے موقع پرتصویری نمائش کا انعقاد اس لئے کیا گیا ہے تا کہ نئی نسل تک فلسطین کے پیغام کو منتقل کیا جائے اور عوام الناس کو مسئلہ فلسطین سے متعلق مکمل آگہی فراہم کی جائے ۔