(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس کے سنیئر رکن کا کہنا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی عوام کو قابض دشمن کے خلاف مزاحمت کے لیے آزاد چھوڑ دے اگر صدر محمود عباس عوام کو دشمن کے استعماری اور توسیع پسندانہ پروگرام کے خلاف کھلا چھوڑ دیتے ہیں تو تمام فلسطینی قوتیں ان کا ساتھ دیں گی۔
اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق نے فلسطین ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہےکہ غرب اردن کے اسرائیل سے الحاق کے استعماری صہیونی پروگرام کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام قومی قوتوں کو مشترکہ مزاحمتی پروگرام تشکیل دینا ہوگا، الحاق روکنے کے لیے تمام فلسطینی متحد ہوجائیں اور ایک مشترکہ اور متحدہ پروگرام تشکیل دیں۔ ڈاکٹر موسیٰ ابو مروزق نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ انہوں نے تحریک فتح کے رہ نما نبیل شعث کو ٹیلیفون کرکے انہیں کہا ہے کہ فلسطینیوں میں مصالحت کے علاوہ امید اور بہتری کا کوئی راستہ نہیں ہے۔
حماس رہ نما کا کہنا تھا کہ قومی مصالحت کے حوالے سے تحریک فتح نے لچک اور جرات کا مظاہر نہیں کیا جبکہ حماس مصالحت کے لیے ہرممکن لچک دکھانے کے لیے تیار ہے۔