(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )فلسطین اتھارٹی کی سربراہی کمیٹی نے عرب ممالک کے حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ امریکہ کی جانب سے پیش کردہ اقتصادی ڈیل کو مسترد کردیں۔
تفصیلات کے مطابق کمیٹی نے یہ بیان رام اللہ میں ایک اہم اجلاس کے بعد جاری کیا جو کہ فلسطینی صدر محمود عباس کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی اتھارٹی امریکہ کی جانب سے پیش کیے جانے والے نام نہاد اقتصادی ڈیل کے مالی اور سیاسی دونوں منصوبوں کو مسترد کرتی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی اتھارٹی یہ بات سمجھتی ہے کہ نام نہاد امن منصوبہ در حقیقت اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کو تقویت فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔اور اس کا مقصد فلسطینیوں کی مزید سر زمین پر قابض ہونا اور فلسطینی قوم کو محدود کرنا ہے۔
کمیٹی نے 2002 میں بیروت کانفرنس میں کئے گئے معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عرب ممالک کو اس معاہدے کی روشنی میں اسرائیل سے نارملائزیشن کی تمام کوششوں کو ترک کردینا چاہیئے اور فلسطینی حمایت میں دو ٹوک موقف اختیار کرناچاہئے۔