رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی صدر محمود عباس کی جماعت تحریک ’’فتح‘‘ نے تنظیم آزادی فلسطین (پی ایل او) میں شامل دھڑوں پر مشتمل مخلوط قومی حکومت کی تشکیل پر غور شروع کیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز رام اللہ میں تحریک فتح کی مرکزی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں قومی حکومت کے قیام کے طریقہ کار اور اس میں شامل کی جانے والی جماعتوں کے ناموں پرغور کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق تحریک ’’فتح‘‘ کی مرکزی کمیٹی کے اجلاس میں مخلوط قومی حکومت کی تشکیل کے طریقہ کے ساتھ اس میں دوسری جماعتوں کے مجوزہ ارکان کی شمولیت پر بات چیت کی گئی تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق تحریک ’’فتح‘‘ کے بیشتر ارکان کی تجویز ہے کہ موجودہ وزیراعظم رامی الحمد اللہ کو اپنے منصب پر فائز رہنا چاہیے۔ انہی ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی اکثریت کی نمائندگی کرنے والے دو دھڑے عوامی محاذ اور جمہوری محاذ مخلوط قومی حکومت میں شامل نہیں ہوں گے۔ فلسطین میں قومی حکومت کی تشکیل کے لیے مشاورت جاری ہے مگر اس کے خد وخال تا حال واضح نہیں ہوئے ہیں۔