(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی وزیراعظم نے صیہونی ریاست کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی انتقامی کارروائیوں اور رقوم کی کٹوتی کے باوجود اسیران اور شہداء کے اہل خانہ کی کفالت کا پروگرام جاری رکھیں گے۔
فلسطینی حکومت کےترجمان ابراہیم ملحم نے ایک بیان کہا کہ وزیراعظم محمد زشتیہ کی جانب سے یقین دہائی کرائی گئی ہے کہ اسرائیل کے کسی بھی دباؤمیں آئے بغیر صیہونی ریاست کی انتقامی کارروائیوں اور فلسطینی رقوم کی کٹوتی کے باوجود فلسطینی اسیران اور شہداء کے اہل خانہ کی کفالت کا پروگرام جاری رکھیں گے ۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی طرف سے اسیران اور شہداء کے اہل خانہ کی کفالت پر دھمکیوں کا جواب دینےپر غور کے لیے فلسطینی مانیٹری اتھارٹی کے گورنر عزام الشوا ا،فلسطینی شعبہ امور اسیران اور وزرات خزانہ پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔
واضح رہے کہ فلسطینی اسیران کے اہل خانہ کی طرف سے شکایت کی گئی ہے کہ اسرائیلی دبائو میں آ کر کئی فلسطینی بنکوں نے ان کےبنک اکائونٹس بند کر دیے ہیں۔