رام اللہ(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ)فلسطین کے دو وکلاء نے فلسطینی اتھارٹی کے پراسیکیوٹر جنرل کو سابق وزیر اشرف العجرمی کے خلاف ایک درخواست دی ہے جس میں ان پر قومی شعور کی توہین کا الزام عاید کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے سابق وزیر العجرمی نے گذشتہ برس اسرائیل کےعبرانی ٹی وی چینل ’24’ کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ فلسطینیوں نے اسرائیلیوں کے تحفظ کے لیے جتنی قربانیاں دی ہیں اسرائیلیوں نے فلسطینیوں کے لیے اس کا عشر عشیر بھی نہیں کیا۔
دو فلسطینی قانون دانوں غاندی ربعی اور تغرید خلف نے ‘فیس بک’ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں لکھا ہے کہ انہوں نے سابق فلسطینی وزیر کے خلاف ان کے متنازع بیان 5186 میں فلسطینی قوم کے اجتماعی شعور کی توہین کے الزام میں عدالت میں درخواست دی ہے۔ اس بیان میں الجعرمی نے اسرائیلی ریاست کے تحفظ پر فخر کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سابق فلسطینی وزیر نے اسرائیلی ٹی وی چینل کے نامہ نگار ایدی کوھین کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلسطینی اجتماعی طور پر صہیونی ریاست کے تحفظ کے لیے کام کرتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ عالمی قانون کے تحت اسرائیل فلسطین پر غاصبانہ طور پر قابض ہے۔ انہوں نے اسرائیلی ریاست کے تحفظ پر فخر کا اظہار کر کے آئین کے آرٹیکل 112 اور 131 کی کھلم کھلا توہین اور خلاف ورزی کی ہے۔