(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مذاکرات میں فلسطین کی تمام جماعتوں کے درمیان اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے علاوہ غزہ میں بحالی کے منصوبے پروسیع پیمانے پر بات چیت کی جائےگی۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے خلاف برسر پیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم کی جانب سے بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کےسر براہ اسمٰعیل ہنیہ اور فلسطینی صدر محمود عباس کی فتح پارٹی کے عہدیداران مصر کی جانب سے خصوصی دعوت پر قاہرہ پہنچے ہیں جہاں آئندہ آنے والےدنوں میں وہ مصری حکام سے الگ الگ مذاکرات کریں گے۔
حماس کے ترجمان نے کہا کہ اسمٰعیل ہنیہ اورمصری عہدیداروں کے درمیان ملاقات میں اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے ساتھ ساتھ غزہ میں بحالی کے منصوبے پر بات چیت ہوگی البتہ غزہ میں تعمیر نو کے لیے مصر پہلے ہی 50 کروڑ ڈالر مختص کرنے کا اعلان کرچکاہے۔
حازم قاسم کے مطابق اگلے ہفتےمذاکرات میں فلسطین کی تمام جماعتوں کے درمیان وسیع پیمانے پر بات چیت کی جائےگی جبکہ فتح پارٹی کے سینئر رہنما جبریل راجوب متوقع طور پر مصری عہدیداروں سے ملاقات کریں گے جس میں شرکت کے لیے صدر محمود عباس کو بھی دعوت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ القدس پر صہیونی حملے اور غزہ پربمباری میں جنگ بندی کے معاہدے میں مصری کوششوں کے بعد فلسطینی وزیراعظم محمدا شتیہ نے رام اللہ میں کابینہ کے اجلاس میں کہا تھا کہ قاہرہ کی ثالثی میں غزہ میں اپنے لوگوں کے ساتھ اختلافات کو ختم کیا جائے گا اور اسی طرح ہم اپنی قوم کے اتحاد میں اضافہ کرسکتے ہیں۔