(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ‘کوویکس’ پروگرام کے تحت 72 ہزار خوراکوں پر مشتمل کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی نئی کھیپ مقبوضہ فلسطین پہنچ گئی ہے جبکہ فلسطینی اتھارٹی نے ویکسین کی مزید 45 لاکھ خوراکوں کی خریداری کی منظوری بھی دے دی ہے۔
مقبوضہ فلسطین کی وزیر صحت می الکیلہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق فلسطین کو کورونا کی روک تھام کیلئے وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی دوسری کھیپ موصول ہوگئی ہے۔
نئی کھیپ میں کورونا ویکسین کی 72 ہزار خوراکیں شامل ہیں جو غزہ کی پٹی اور غرب اردن میں شہریوں کو دی جائیں گی۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی کو کورونا ویکسین کی 28 ہزار 800 خوراکیں فراہم کی جائیں گی جب کہ غرب اردن کے لیے 43 ہزار 200 خوراکیں مختص کی گئی ہیںاس کے علاوہ فلسطینی اتھارٹی نے کورونا ویکسین کی مزید 45 لاکھ خوراکوں کی خریداری کی منظوری دی ہے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ اب تک 67 ہزار 5سو 49 افراد کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جاچکی ہے جبکہ 37 ہزار 7سو 30 افراد ایسے ہیں جن کو ویکسین کی دوسری خوراک بھی فراہم کی جاچکی ہے۔