(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض اسرائیلی فوج کے مظالم کے خلاف برسر پیکار فلسطینی اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ نے فلسطینی اتھارٹی اور صدر محمود عباس کی جانب سے اسرائیل سے تمام معاہدے ختم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کو صرف اعلانات تک محدود نہیں رہنا چاہئے بلکہ ان پر عمل در آمد بھی فوری طور پر ممکن بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق حماس کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر عباس کا اسرائیل کے ساتھ تمام معاہدے ختم کرنے کا اعلان قابل تحسین ہے۔ اور ان فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے استقامت کا مظاہرہ بہت ضروری ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز فلسطینی اتھارٹی کے اہم اجلاس کے بعد فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی قیادت اب اسرائیل سے کیے گئے امن معاہدوں کی پابند نہیں رہی اور ہم اب اسرائیل کے خلاف ہر قدم اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔
رام اللہ میں ہونے والے فلسطینی قیادت کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی صدر کا کہنا تھا کہ حالیہ اسرائیلی بربریت اور فلسطینی گھروں کے مسماری جیسے ظالمانہ عمل کے بعد فلسطینی قیادت اسرائیل سے کیے گئے امن معاہدوں کی پابند نہیں رہی ہے۔
اجلاس کے دوران انہوں نے ایک نئی کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کیا جو اسرائیل سے ماضی میں کئے گئے معاہدوں پر نظر ثانی کرے گی اور آئندہ کی حکمت عملی کا بھی جائزہ لے گی۔
قبل ازیں فلسطینی صدر محمود عباس نے پی ایل او اور فتح موومنٹ کے ہنگامی اجلاس کی بھی صدارت بھی کی تھی اور اسرائیل کی جانب سے صورباھر میں فلسطینی گھروں کی مسماری اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیاتھا