(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ)پی ایل او کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ صائب عریقات نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلسطین کے بارے میں ہونے والی منامہ کانفرنس ہر گز کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سنیچری ڈیل کے ذریعے، بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کروانے، اپنے سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی اور صیہونی بستیوں کی تعمیر کو قانونی جواز فراہم کرنے، شام کے علاقے جولان پر اسرائیلی حکمرانی کو دنیا سے تسلیم کروانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کا سینچری ڈیل منصوبہ خطے کے ملکوں میں سیاسی خلیج کا باعث بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ منامہ کانفرنس فلسطینیوں کی قومی پالیسی کو تباہ کرنے کی کوشش ہے۔پی ایل او کی ایگزیکیٹیو کمیٹی کے سربراہ نے فلسطینیوں کی جانب سے منامہ کانفرنس کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے عرب دنیا اور غیر عرب ملکوں سے اپیل کی وہ بھی اس کانفرنس میں شرکت نہ کریں۔
لبنان اور عراق نے پہلے ہی منامہ کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا جبکہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے اس میں شرکت کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔
پچیس اور چھبیس جون کو بحرین میں ہونے والی منامہ کانفرنس کو مسئلہ فلسطین کی نابودی کی غرض سے تیار کیے جانے والے ناپاک امریکی منصوبے سنیچری ڈیل پر عملدرآمد کا پہلا مرحلہ قرار دیا جارہا ہے۔