(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )فلسطینی عسکری تنظیم اسلامک جہاد نے فلسطینی اتھارٹی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ حالیہ صہیونی مظالم پر فلسطینی اتھارٹی کا ردعمل ناقابل ہضم ہے۔
اسلامک جہاد کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ اسرائیلی بربریت اور اسرائیل کی جانب سے صور باھر میں فلسطینی گھروں کی مسماری پر فلسطینی اتھارٹی کا کمزور ردعمل شرمناک ہے اور فلسطینی اتھارٹی فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے میں ناکام رہی ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کی بیت المقدس میں برپا کیے جانے والے اسرائیلی مظالم کی وجہ سے فلسطینیوں کی شناخت خطرے میں ہے اور فلسطینیوں کو چن چن کر اسرائیلی فوج کی جانب سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے مسائل کا حل صرف اور صرف اسرائیل کے خلاف مسلح جدوجہد میں ہی پنہاں ہے۔