(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی فوج اور پولیس کے حفاظتی حصار میں یہودی مذہبی جنونیوں نے قبلہ اول پر دھاوا بولا اور یہودی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے نام مقدس مقامات کی بے حرمتی کی ۔
اسلامی اوقاف کے مطابق آج صبح درجنوں یہودی جنونیوں نے اسرائیلی فوج اور پولیس کے حفاظتی حصار میں قبلہ اول پر دھاوا بولا ، مسجد اقصیٰ کے باب المغاربہ سے داخل ہونے والے یہودی آباد کاروں میں یہودی طلباء و طالبات اور مذہبی رہنماؤں سمیت اسرائیلی خفیہ ایجنسی کے اہلکار بھی شامل تھے ۔
اسلامی اوقاف کے مطابق جس دوران یہودی آباد کارو مسجد اقصیٰ میں یہودی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے نام مقدس مقامات کی بے حرمتی کررہے تھے اس دوران مسلمان عبادت گزاروں کو مسجد کے احاطے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی تھی ۔
واضح رہے کہ یہودی آبادکاروں کی جانب سے مسجد اقصیٰ اور مسلمانوں کے دیگر مقدس مقامات کی دانستہ بے حرمتی روزانہ کی بنیاد پر کی جاتی ہے ، دنیا بھر سے اسرائیل کے اس اشتعال انگیز اقدام کی مذمت کے باوجود تاحال اس قبیح سلسلے کو بند کرانے میں اقوام عالم ناکام ثابت ہوئی ہے ۔