اسرائیل کے وزیر تعمیرات اوری آریل نے بدھ کو اسرائیلی اور فلسطینی مذاکرات کاروں کے درمیان امن بات چیت کے آغاز سے چندے قبل اعلان کیا ہے کہ دریائے اردن کے مغربی کنارے میں یہودی آبادکاروں کے لیے ہزاروں نئے مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔
انتہا پسند صہیونی وزیر نے اسرائیل کے پبلک ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”یہودا اور سامراء میں آیندہ سال ہزاروں نئے مکانات تعمیر کیے جائیں گے”۔ انھوں نے غرب اردن کے لیے تورات کی قدیم اصطلاح استعمال کی ہے۔ انھوں نے کمال ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ ”کوئی ہمیں یہ ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا کہ ہمیں کہاں تعمیرات کرنی چاہئیں”۔
اوری آریل دائیں بازو کی جماعت جیوش ہوم پارٹی کے نائب سربراہ ہیں۔ یہ جماعت آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی مخالف ہے۔ انھوں نے کہا کہ غرب اردن میں نہ صرف بڑے بلاکوں میں نئی تعمیرات کی جائیں گی بلکہ الگ تھلگ اور دور دراز یہودی بستیوں میں بھی مکانات بنائے جائیں گے۔
اسرائیلی وزیر کے اس اعلان سے قبل غرب اردن میں صہیونی ریاست کی جانب سے 2129 نئے مکانوں کی تعمیر کے فیصلوں کی اطلاع دی گئی ہے۔ ان میں سے بیشتر مقبوضہ مشرقی القدس اور اس کے آس پاس تعمیر کیے جائیں گے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
