مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ)قابض صہیونی فوج کی جانب سے فلسطینی شہریوں کو مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کے لیے سخت رکاوٹوں اور شدید گرمی کے باوجود ایک لاکھ فلسطینیوں نے قبلہ اول میں جمعہ کی نماز ادا کی۔روزنامہ قدس کے مطابق ماہ صیام کے تیسرے جمعہ کے موقع پر اسرائیلی فوج کی بھاری نفری بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے آس پاس کے مقامات پر تعینات کی گئی تھی تاکہ فلسطینی شہریوں کو قبلہ اول تک پہنچنے سے روکا جا سکے۔ مگر صہیونی انتظامیہ کی رکاوٹیں توڑ کر ایک لاکھ فلسطینی مسجد اقصیٰ پہنچنے میں کامیاب رہے۔ شدید گرمی سے بچائو کے لیے اسلامی اوقاف کی طرف سے نمازیوں پر پانی بھی چھڑکا گیا۔پرانے بیت المقدس اور اطراف کے مقامات پر جگہ جگہ چیک پوسٹیں اور ناکے لگا کر فلسطینیوں کو قبلہ اول تک رسائی سے روکا جاتا رہا۔اسرائیلی فوج نے جمعہ کو علی الصباح ہی سے بیت المقدس میں اضافی نفری تعینات کر دی تھی۔ دوسری جانب بیت المقدس اور دوسرے شہروں سے فلسطینی روزہ دار صبح ہی سے قافلوں کی شکل میں قبلہ اول آنا شروع ہو گئے تھے۔اسلامی اوقاف کی طرف سے شدید گرمی کے پیش نظر نمازیوں کے لیے فوری طبی امداد کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ اس موقع پر 24 روزہ دار گرمی کی وجہ سے بے ہوش ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔