(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) پاکستانی سیاستدانوں، سیاسی تنظیموں اور شہریوں نے حالیہ مہینوں میں عرب اور افریقی مسلمان اکثریتی ممالک کی جانب سے قابض صیہونی ریاست کے ساتھ سفارتی تعلقات معمول پر لانے کے اقدامات کو مسترد کردیا ہے۔
تیرا اگست کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان پس پردہ طویل مدتی تعلقات کو منظر عام پر لایا گیا اور اس کے ساتھ 23اکتوبر کو انھوں نے بتایا کہ خلیجی ملک بحرین اور افریقی ملک سوڈان بھی متحدہ عرب امارات کی طرز پر تل ابیب کے ساتھ معاہدے کیلئے تیار ہیں۔
ترک نیوز ایجنسی اناطولہ سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی سیاسی جماعت ، جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے سینیٹ کے ممبر مشتاق احمد خان نے کہا: "میرے خیال میں یہ صیہونی ریاست کے ساتھ ہونے والے معاہدے تعلقات کی بحالی نہیں بلکہ صیہونی ریاست کے قبضے کو مضبوط کرنا ہے ، انھوں نے کہا کہ واشنگٹن نے تل ابیب کو اپنے "اسٹریٹجک اہداف” کو پورا کرنے میں مدد فراہم کی ہے جو اسرائیل کو "ایک طاقتور ملک اور خطے میں ایک تھانیدار بنانا چاہتا ہے۔
مشتاق احمد خان نے اسرائیل کو "غیر قانونی ملک” قرار دیتے ہوئے ، کہا قابض صیہونی ریاست تمام بین الاقوامی اصولوں ، قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور جنگی جرائم کی مرتکب ہے جو معصوم فلسطینیوں کی سرزمین پر قابض ہے انھوں نے کہا کہ اسرائیل کا ” hegemonic design (توسیع پسندانہ طرز عمل )اور نقطہ نظرمشرق وسطی سمیت خطے کے امن اور مستقبل کے لئے خطرہ ہے۔
سابق وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ خلیجی ممالک کے صیہونی ریاست کے ساتھ تعلقات کو ہر صورت میں مسئلہ فلسطین کے حل سے جوڑنا ہوگا "جب تک فلسطینیوں کے حقوق کو صحیح طور پر تسلیم نہیں کیا جاتا تب تک کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہئے۔
"فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سربراہ صابر ابو مریم نے کہا کہ عرب ممالک کے ذریعہ قابض صیہونی ریاست کو تسلیم کرنا امریکا کی جانب سے مشرقی وسطیٰ کیلئے تیار کردہ نام نہاد امن منصوبے کا ایک حصہ ہے ، جسے صدر ٹرمپ نے "صدی کی ڈیل” قرار دیا ہے جس کا مقصد فلسطین کے مسئلے کو مکمل طور پر ختم کرنے کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کواسرائیل کے خلاف مزاحمت میں کمزور سے کمزور کرنا ہے
انھوں نے کہا کہ بعض عرب ممالک کی جانب سے قابض صیہونی ریاست کو تسلیم کرنا صرف خطے کیلئے ہی خطرناک نہیں ہے بلکہ پاکستان کے لئے بھی خطرناک ہے کیوں کہ مسئلہ فلسطین کو نظر انداز کرنے والے مقبوضہ کشمیر کےمعاملے پر بھی یہی کریں گے جو مقبوضہ فلسطین کے معاملے پر کیا جارہا ہے پاکستان کو ان ممالک سے ، کشمیر کے تنازع پر کسی قسم کی مدد کی توقع نہیں ہے۔
ترک نیوز ایجنسی اناطولہ کی جا نب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں اسلام آباد کے ڈرائیور عرفان خان کا کہنا تھ اکہ اسرائیل فلسطینیوں پر "ظلم و ستم” کررہا ہے عرب ممالک کو قابض ریاست کو روکنا چاہئے اور اگر وہ اس کو روک نہیں سکتے تو کم سے کم سفارتی تعلقات قائم کرنے سے اجتناب کرنا چاہئے ، اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے والے لاعلم ہیں اسرائیل ان تعلقات کی بحالی کے بعد اپنا ظلم جو ابھی صرف فلسطین میں کیا جارہا ہے وہ دیگر ممالک تک پھیل جائے گا۔
اسلام آباد کے ہی ایک اور تاجر عمیر احمد نے اسرائیل اور خلیجی ممالک کے درمیان تعلقات پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ عرب ممالک کے اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات معمول پر لانے کے اقدامات غلط ہیں اور اس سے مسلمانوں کے مستقبل پر اثر پڑے گا۔
بحرین اور متحدہ عرب امارات (متحدہ عرب امارات) نے 15 ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں متنازعہ معاہدوں پر دستخط کرنے کے بعد اسرائیل کے ساتھ مکمل سفارتی ، ثقافتی اور تجارتی تعلقات قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ان معاہدوں نے فلسطی نیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر مذمت کی ہے ، جو کہتے ہیں کہ معاہدے سے ان کے حقوق کو نظرانداز کیا جاتا ہے اور وہ فلسطینی مقصد کو پورا نہیں کرتے ہیں۔فلسطینیوں کے مطابق ، سعودی عرب اس معاہدے کے پیچھے ہے ، جس کو مصر ، عمان اور بحرین کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ٹرمپ نے جمعہ کو اعلان کیا کہ سوڈان نے بھی اسرائیل کے ساتھ مکمل سفارتی تعلقات کھولنے پر اتفاق کیا ہے ، اس نے بحرین اور متحدہ عرب امارات کے بعد حالیہ مہینوں میں تیسری قوم کی حیثیت اختیار کرلی ہے۔