گلوبل مارچ ٹو یروشلم (آزادی مارچ برائے القدس) کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور فلسطین کی آزادی کے لئے سن دو ہزار بارہ میں منعقدہ عالمی مارچ برائے آزادیئ القدس میں بھرپور شرکت کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار اقلیتی رہنماؤں بشپ اعجاز عنایت،پنڈت شرما جی اور سکھ رہنما رامیش سنگھ نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد نے فاؤنڈیشن کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی کی سربراہی میں بشپ ہاؤس میں رہنماؤں سے ملاقات کی اور آئیندہ برس مارچ کے مہینہ میں ہونے والے آزادی مارچ برائے القدس ”گلوبل مارچ ٹو یروشلم” کی تفصیلات سے آگاہ کیا جبکہ پاکستا ن میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے اہداف و مقاصد کے بارے میں بھی تفصیلی معلومات فراہم کیں۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بشپ اعجاز عنایت کاکہنا تھا کہ وہ آئیندہ برس ماہِ مارچ میں ”عالمی مارچ برائے آزادی القدس و فلسطین” میں خود بھی شریک ہوں گے اور دیگر افراد کو بھی شرکت کرنے کی ترغیب دیں گے اس موقع پر پنڈت شرما جی اور رامیش سنگھ نے بھی اپنی حمایت کا اعلان کیا اور ”گلوبل مارچ ٹو یروشلم ” میں شرکت کی یقین دہانی کرواتے ہوئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی جد وجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔
اقلیتی رہنماؤں کاکہنا تھا کہ انسانی بنیادوں پر ہونےو الے کسی بھی کام کی بھرپور حمایت کی جائے گی اور فلسطینی عوام کے دفاع میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی جبکہ کسی بھی طرح کے تعصب کو راستہ نہیں دیا جائے گا کہ جس کے سبب فلسطینی کاز کو نقصان ہو۔
اقلیتی رہنماؤں کاکہنا رتھا کہ فلسطین کاز ایک اہم کاز ہے اور فلسطین کا دفاع ہی درا صل پاکستان کا دفاع ہے،ان کاکہنا تھا کہ پاکستان میں دفاع فلسطین کے لئے کام کرنا گویا پاکستان کو عالمی سامراج سے بچانے کے مترادف ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ مشترکہ جد وجہد جاری رکھی جائے اور فلسطینی عوام کے دکھ دردکا مداوا کیا جائے ،ان کاکہنا تھا کہ فلسطین صرف اور صرف فلسطینیوں کا ہے اور فلسطینیوں کا گھر فلسطین ہی ہے لہذٰا فلسطین سے بے دخل کئے گئے فلسطینیوں کو واپس فلسطین لا کر بسایا جائے اور دیگر اہم مسائل کو حل کرنے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں۔
اس موقع پر انٹر فیتھ ہارمونی کے چیئر مین سندھ انوار علی عابدی اور دیگر بھی موجود تھے۔