فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ نوجوان نسل پوری ملت اسلامیہ کا گراں قیمت اثاثہ ہے۔ یہ نوجوان ہی ہیں جن کے بل پراس وقت دنیا میں انقلابات رو رنما ہو رہے ہیں اور انہوں نے بڑی بڑی جابر اور ظالم حکومتوں کو تختہ دار تک پہنچا دیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار غزہ کی پٹی میں دورے پر آئے الجیرین نوجوانوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس وفد میں الجزائرکے مختلف پیشوں سے وابستہ ماہرین شامل ہیں۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم ھنیہ نے کہا کہ دنیا صرف نوجوانوں کی وجہ سے قائم ہے۔ نوجوانوں کی قربانیاں اس وقت پوری دنیا میں انقلابات کا باعث ہیں۔ عرب ملکوں میں جمہوری انقلابات کے پیچھے نوجوان نسل کا ہاتھ ہے یہی وہ نوجوان ہیں جوپوری ملت اسلامیہ کا اس وقت بڑا سہارا ہیں۔
وزیراعظم نے الجزائر حکومت کی جانب سے فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور وفد کی آمد کو بھی سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم اور الجزائر کے عوام کے درمیان ہمیشہ دوستی اور بھائی چارے کی فضاء قائم رہی ہے۔ فلسطینی عوام دیگر عرب ممالک کی اقوام کی طرح الجزائری قوم کو بھی اپنا خیر خواہ سمجھتے اور ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتےہیں۔ وزیراعظم نے وفد کو الجزئر کے پچاسویں یوم آزادی پربھی مبارک باد پیش کی۔
