اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے تحریک فتح کی سنٹرل کمیٹی کے رکن نبیل شعث کے حالیہ بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ فتحاوی رہنما نے اسرائیلی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اتھارٹی کی جانب سے اسرائیلی سکیورٹی پر خرچ کی جانے والی رقوم فلسطینی شعبہ تعلیم کے اخراجات سے بھی زیادہ ہیں۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ”فیس بک” کے اپنے پیج پر کی گئی اپنی ایک پوسٹ میں فوزی برھوم نے کہا کہ نبیل شعث کا صہیونی صحافیوں کو دیا گیا بیان بڑا خطرناک اور مایوس کن ہے۔ اس بیان نے فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے اپنی ہی قوم پر ظلم و جبر کے آزمائے جانے والے مختلف حربوں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔ اتھارٹی کی یومیہ بنیادوں پر کی جانے والی اپنے ہم وطنوں کے خلاف کارروائیوں کا مقصد اسرائیلی سکیورٹی کا تحفظ ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک فتح کا طریقہ کار اور پالیسیاں فلسطینی قوم، اس کے قومی پروگرام اور مرکزی مسائل کی کوئی خدمت نہیں کر رہے۔ حماس کے ترجمان نے فلسطینی قوم کے تمام حلقوں اور تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ ایک قومی اسٹریٹجی وضع کرکے اس پر متحد ہوکر عمل کرے اور مسئلہ فلسطین کے لیے کی جانے والی پالیسیوں کو مزید خراب ہونے سے روکے، تاکہ قومی مزاحمتی پروگرام کو از سر نو منظم کیا جاسکے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
