اسرائیلی پولیس نے اطلاع دی ہے کہ قابض اسرائیلی فوج کے ایک اہلکار کو مقبوضہ فلسطین میں ایک بس اسٹاپ پرنا معلوم افراد نے تیز دھارآلے سے وار کرکے شدید زخمی کردیا ہے۔ جس کے بعد زخمی فوجی کو "نھاریا” فوجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق پولیس ترجمان نے واقعے کی تفصیلات میں بتایا کہ یہ واقعہ جمعرات کو مقبوضہ فلسطین کےشہروں کرمئیل اور تیفن کو ملانے والی شاہراہ نمبر854 پر اس وقت پیش آیا جب دو فوجی اہلکار بس اسٹاپ پربس کا انتظار کررہے تھے۔ اس دوران نامعلوم افراد نے حملہ کرکے ایک فوجی کوزخمی کردیا، تاہم حملہ آوروں کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا۔ فوجی نے زخمی ہونے کے بعد اپنے ساتھی کو آواز دی جس نے اسے زمین پرگرےہوئے اٹھایا۔ تاہم اسے وہاں پرکوئی حملہ آور دکھائی نہیں دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال واقعہ مکمل طورپرایک پراسرار کارروائی ہے، کیونکہ اس کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی اور نہ ہی کسی شخص کی نشاندہی ہوئی ہے، البتہ واقعے کے فوری بعد پولیس نے تلاشی کا سلسلہ شروع کردیا تھا۔ البتہ کسی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

