مقبوضہ بیت المقدس میں ایک فلسطینی شہری کے تیز دھار آلے کے حملے کے نتیجے میں ایک یہودی آباد کارشدید زخمی ہو گیا ہے۔
مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی پولیس حکام نے بتایا ہے کہ یہودی آباد کار پر فلسطینی شہری نے حملہ شہر کےمشرق میں”راموت کالونی” میں کیا، جس کے نتیجے میں یہودی آبادکار کو گہرے زخم آئے ہیں۔ حملے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔
ادھر اسرائیلی اخبار”یدیعوت احرونوت” نے ایک رپورٹ میں اطلاع دی ہے کہ زخمی یہودی کو”شعارتسیدک” نامی اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے میں بتائی جاتی ہے۔
واقعے کےبعد پولیس نےتحقیقات کےلیےایک ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ یہودی آباد کار پر حملے کےبعد حملہ آور موقع سے فرار ہو گیا۔
خیال رہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی آباد کاروں اور فلسطینیوں کے درمیان تشدد کا یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری جانب اسرائیل نے شہر میں یہودی بستیوں کی تعمیر کا کام تیز کر دیا ہے۔ اسرائیلی حکومت اور یہودی آباد کار فلسطینیوں کے مکانات مسمار کرتے ہیں جس کے باعث فلسطینی آبادی میں یہودی آباد کاروں کےخلاف شدید اشتعال پایا جا رہا ہے۔