اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے مقبوضہ بیت المقدس کے عناتا ٹاؤن اور بیت امر ٹاؤن سے پانچ فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے علی الصبح عناتا ٹاؤن ایک گھر پر چھاپہ مار کر تین بھائیوں محمود، یزید اور ولید حوت کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار کیے جانے والے نوجوانوں کے اہل خانہ نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں اور سرحدی گارڈز کی بڑی تعداد نے ان کے گھر پر حملہ کیا اور شکاری کتوں کے ذریعے گھر کی تلاشی لینا شروع کر دی۔ گھر کے سامان کی توڑ پھوڑ شروع کی گئی اور سارا سامان الٹ پلٹ کر رکھ دیا گیا۔
صہیونی اہلکاروں نے گھر کے تمام افراد کو ایک کمرے میں جمع کردیا اور تینوں بھائیوں کو حراست میں لینے سے پہلے گھر کو اچھی طرح ٹٹولا گیا۔
خیال رہے کہ تین بھائیوں میں سے یزید حوت اس سے قبل بھی تین سال اسرائیلی جیل میں کاٹ چکا ہے۔ اسے دو سال قبل پندرہ ہزار شیکل جرمانے کے بعد رہا کیا گیا تھا۔ اسی طرح محمود حوت بھی ایک سال تک اسرائیلی عقوبت خانوں میں قید و بند کی صعوبتیں کاٹ چکا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے الخلیل کے شمالی ٹاؤن بیت امر میں بھی ایک خوفناک کارروائی کی اورطارق جمال خلیل ابو ھاشم، اٹھارہ سالہ اور محمد احمد خلیل ابو ھاشم سترہ سالہ کو گرفتار کر لیا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
