مغربی کنارے میں فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے سیاسی اختلافات کی پاداش میں اپنے ہی ہم وطنوں کو گرفتار کرنے کا سلسلہ جاری ہے جس کےخلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بھی تیز ہوتا جا رہا ہے۔ سیاسی اسیران کے اہل خانہ کی کمیٹی اور رابطہ شباب مسلم نے سیاسی گرفتاریوں کے خلاف کل بروز جمعہ ضلع الخلیل میں ایک بڑے دھرنے کا اعلان کر دیا۔
اہل خانہ کمیٹی اور رابطہ شباب مسلم کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کل ڈیڑھ بجے ابن رشد چوک پر ایک بڑا احتجاجی دھرنا دیا جائے گا جس میں فلسطینی اتھارٹی کے زیر انتظام پری وینٹو فورسز کے عقوبت خانوں میں سیاسی اختلافات کی پاداش میں گرفتار بے گناہ فلسطینیوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ ایک جانب جب اسرائیل بھی فلسطینی اسیران کو رہا کرنے پر مجبور ہو گیا ہے کہ اتھارٹی کی جانب سے گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہنا ایک قومی جرم تصور ہو گا۔
دھرنے کے منتظمین کی جانب سے ذرائع ابلاغ سے اس دھرنے کو بھرپور میڈیا کوریج دینے کی اپیل بھی کی گئی ہے تاکہ کئی کئی سالوں سے بغیر کسی گناہ کے اتھارٹی کی جیلوں میں قید اپنے فلسطینی بھائیوں کو رہا کروایا جا سکے۔