فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں عارضی طورپر منتظم فلسطینی انتظامیہ کی جیلوں میں پانچ بھوک ہڑتالی سیاسی اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عباس ملیشیا کی جیل میں پانچ بھوک ہڑتالی اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں اسیر عثمان القواسمہ کے گھر کے باہر احتجاجی دھرنا دیا جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔
خیال رہے کہ عباس ملیشیا کی جیل میں زیرحراست عثمان القواسمہ اوران کے چار دیگر ساتھیوں نے اپنی غیر قانونی حراست کےخلاف بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے۔ عثمان کو ڈیڑھ سال سے بغیر کسی الزام کے حراست میں رکھا گیا ہے۔
اسیر عثمان قواسمہ کے گھر کے باہر جمع سینکڑوں افراد نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر عباس ملیشیا، فتح کی سلام فیاض کی سربراہی میں قائم حکومت اور صدر محمود عباس کی سربراہی میں قائم رام اللہ اتھارٹی کےخلاف شدید نعرے درج تھے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
