اسرائیلی بلڈوزروں اور مشینری نے مغربی کنارے کے شہر نابلس کے علاقے دیر حطب پر حملہ کر کے زرعی اراضی کو روندنا شروع کر دیا ہے۔ الون موریہ یہودی بستی کی توسیع کے لیے اس فلسطینی اراضی پر قبضہ ناگزیر قرار دیکر صہیونی انتظامیہ نے فلسطینیوں کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچانا شروع کر دیا۔
دیر حطب، عزموط اور سالم کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر کھدائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ دیر حطب کی دیہی کونسل کے سربراہ عبد الکریم حسین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بلڈوزر گزشتہ دو یوم سے فلسطینیوں کی اراضی پر کھڑی فصلیں اور تعمیرات تباہ کرنے میں مصروف ہیں۔ اس اراضی پر زیتون اور چلغوزے کے درجنوں درختوں کو اکھاڑ پھینکا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ فلسطینیوں کی زرعی اجناس اور درخت برباد کر کے اس اراضی کو یہودی بستی الون مورے کی توسیع کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ دیہی کونسل کے سربراہ نے فلسطینی حلقوں اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ فوری مداخلت کرکے فلسطینی اراضی کو یہودی قبضے سے واگزار کروائیں۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین