فلسطینی شہر غزہ کی پٹی میں سیاسی جماعت الفتح کی مرکزی قیادت کی جانب سے نئی تقسیم کار اور ذمہ داریوں پر پارٹی کا ایک حصہ سخت ناراض ہے۔
اطلاعات کے مطابق غزہ کے مغربی سیکٹر کی قیادت نے اعلیٰ قیادت کی جانب سے پارٹی عہدوں کی من مانی بندر بانٹ کےخلاف بطور احتجاج اجتماعی استعفے دےدیے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کے مغربی علاقے "عبدالمعطی السبعاوی” سے تعلق رکھنے والی فتح کی قیادت نے نئی ذمہ داریوں اور عہدوں کو مسترد کردیا ہے۔ ناراض ارکان کا کہنا ہے کہ مرکزی قیادت کی جانب سے غزہ کی پٹی میں عہدوں کی تقسیم میں انصاف سے کام نہیں لیا گیا ہے۔ تنظیمی ڈھانچے میں من مانی تبدیلیاں کرکے اپنی پسند کے لوگ تعینات کیے گئے ہیں۔ جس پر وہ اپنی ذمہ داریوں سے مستعفی ہوتے ہیں۔ مستعفی ارکان کاکہنا ہے کہ وہ اپنے استعفے اس وقت تک واپس نہیں لیں گے جب تک غزہ کی پٹی میں الفتح کی تنظیم نو نہیں ہو جاتی اور تمام میرٹ کی بنیاد پرعہدیداروں کا تقرر نہیں کرلیا جاتا۔
