فلسطینی وزیر اعظم اسماعیل ھنیہ کا کہنا ہے کہ فلسطینی حکومت رفح کراسنگ کے قریب مصری فوجیوں کے قتل میں ملوث افراد کی تلاش اور عدالتی کٹہرے میں لانے کے لیے مصر کے ساتھ ہر طرح کے تعاون کے لیے تیار ہے۔
اسماعیل ھنیہ نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ رفح میں مصری فوج کے شہید ہونے والے اہلکار دراصل فلسطینی شہداء ہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین نے مصر کے معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔ انہوں نے کہا ہم مصر کو فلسطین کا اسٹریٹجک اثاثہ سمجھتے ہوئے یہاں کی ہر سیاسی پارٹی سے ایک جیسے تعلقات قائم رکھے ہوئے ہیں۔
فلسطینی وزیر اعظم نے زور دیا کہ تحریک حماس وطن کی آزادی اور اسرائیل کے مزاحمت کے پروگرام پر کاربند ہے۔ اللہ کے فضل سے القدس اور باقی سارے فلسطین کی آزادی تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
