صدر مرسی کی حکومت کا تختہ الٹنے والی مصری فوج نے غزہ کے ساتھ ملحق رفح کراسنگ دوسرے روز بھی بند رکھی۔ فلسطینی وزارت برائے سرحدی امور و کراسنگز نے بتایا کہ مصری حکام نے کراسنگ کو کھولنے کے حوالے سے کوئی ٹائم فریم بھی نہیں دیا ہے۔
غزہ راہداریوں کے ڈائریکٹر ماھر ابو صبحہ نے بتایا کہ مصر کی جانب سے سرکاری طور پر سیناء کے علاقے رفح اور شیخ زوید کے علاقوں کے سیکورٹی حالات کے پیش نظر کراسنگ کو غیر معینہ مدت تک بند کرنے کی اطلاع دی گئی ہے۔
مصری فوج نے صدر محمد مرسی کی حکومت پر قبضہ کرنے کے بعد سیناء اور العریش میں شروع ہونے والے احتجاجی مظاہروں اور کشیدگی کے بعد جمعہ کی شام رفح کراسنگ بند کردی تھی۔ یاد رہے کہ ہزاروں فلسطینی اس وقت دنیا بھر کے مختلف ائیرپورٹس پر پھنس کر رہ گئے ہیں جنہیں قاھرہ آنے سے روک دیا گیا ہے۔ ان مسافروں میں سیکڑوں عمرہ کرنے والے، مریض اور طلبہ بھی شامل ہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
