حماس کے ممبر پارلیمنٹ مشیر المصری نے مسجد اقصٰی کی آزادی کی خاطر عوامی انقلاب شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ کسی صورت بھی اقصٰی کو تقسیم نہیں کیا جائیگا۔
مشیر المصری نے حماس کی جانب سے منعقدہ عوامی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ،” ہم رام اللہ، طولکرم اور تمام فلسطینی علاقوں میں عوامی انقلاب کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ بیت المقدس اور مسجد اقصٰی کو صیہونی قبضے سے آزاد کروایا جاسکے۔”
انہوں نے کہا کہ قابض اسرائیل نے اقوام عالم کی خاموشی اور مذاکرات کی آڑ میں بیت المقدس کو یہودیانے کے منصوبوں کو تیز کردیا ہے۔ اسرائیلی حکام بیت المقدس میں مسلمانوں اور عربوں کی موجودگی کو کم کرنے کے لئے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے مسجد اقصٰی اور دریائے اردن سے لے کر بحیرہ عرب تک فلسطینی ریاست کی آزادی کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ بیت المقدس اسرائیلی منصوبوں کے مطابق کبھی بھی تقسیم نہیں کیا جائیگا اور حماس اورر القسام بریگیڈ اس کے دفاع کے لئے ہردم تیار ہیں۔
انہوں نے بیت المقدس کے رہائشیوں کی جانب سے اس مقدس شہر کی حفاظت کے لئے دکھائی جانے والی ثابت قدمی کو سراہا۔ اس کے علاوہ انہوں نے مغربی کنارے میں اسرائیلی جرائم کو ختم کرنے کے واحد اور موثر حل کے لئے مزاحمت کو شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔
غزہ کی پٹی کے نصیرات مہاجر کیمپ میں ہونے والے اس مارچ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور انہوں نے قابض حکام کے خلاف اور مزاحمت کے حق میں نعرے لگائے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
