(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں تاریخی جامع مسجد ابراہیمی کے قریب یہودی آباد کاروں نے ایک فلسطینی شہری کے مکان پر یلغار کرنے کے بعد اس پرقبضہ کرلیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جمعرات کو دسیوں یہودی شرپسندوں نے پولیس اور فوج کی فول پروف سیکیورٹی میں شاہراہ السھلہ پر واقع فلسطینی شہری کے مکان پر دھاوا بول دیا اور مکان میں گھس کر توڑپھوڑ کی اور اس کی چھت پر اسرائیلی پرچم لہرا دیا۔یہودی آباد کاروں کے اس اشتعال انگیز اقدام کے رد عمل میں فلسطینی شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا تو قابض فوج نے ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی،لاٹھی چارج کیا اور ان پر دھاتی گولیوں کی بارش کردی جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی مظاہرین زخمی ہوگئے۔ آخری اطلاعات تک یہودی آباد کار مکان میں موجود تھے۔
