اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے مرکزی رہ نما ڈاکٹر محمود الزھار نے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ دشمن کے خلاف ہم خود جنگ کریں۔ان کا کہنا ہے کہ مستقبل کا مزاحمتی پروگرام کچھ اس طرح دکھائی دے رہا ہے کہ فلسطینی عوام اپنے حقوق کی جنگ خود لڑیں گے۔ اس جنگ میں پہل بھی فلسطینیوں کی طرف سے ہو گی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں حماس کے ملٹری ونگ عزالدین القسام شہید بریگیڈ کے زیراہتمام ایک فوجی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر الزھار نے کہا کہ "میں اسرائیلی دشمنوں کو واضح الفاظ میں پیغام دے رہا ہوں اب جنگ کا آغاز ہماری جانب سے ہو گا اورآخری فتح بھی ہماری ہو گی”۔انہوں نے فلسطینی مجاہدین کو مخاطب کرتے ہوئے ان کی جرات اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا، فلسطین کی عسکری اور سیاسی قیادت کی سلامتی کے لیے دعا کی اور شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب آج یہاں شہداء کی قربانیوں کو یاد کرنے کیلیے جمع ہیں۔ ہم اس موقع پریہ عہد کرتے ہیں کہ جس راستے پر چلتے ہوئے انہوں نے اپنی زندگی قربان کی ہم بھی اسی راستے کے مسافر ہیں۔ ہم دشمن کے سامنے شکست نہیں کھائیں گے۔ فلسطین کے ایک ایک چپے کی آزادی تک ہماری لازوال قربانیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ڈاکٹر الزھار نے کہا کہ صہیونی دشمن نے ایک سال قبل 14 نومبر کو القسام کمانڈر احمد الجعبری کو ایک بزدلانہ حملے میں شہید کر کے یہ گمان کر لیا تھا کہ اب القسام ختم ہو گئی ہے لیکن ایک الجعبری کی جگہ اب القسام میں ایک ہزار الجعبری پیدا ہو چکے ہیں۔ اگر دشمن نے ہم سے ہمارا احمد الجعبری چھینا ہے توہم نے یہ پیغام دے دیا ہے کہ اب تل ابیب بھی اسرائیل کا نہیں رہا ہے۔
