فلسطینی قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر ڈاکٹر احمد بحر نے فلسطین کے تمام مزاحمتی گروپوں سے کہا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جرائم، جارحیت اور مقامات مقدسہ کی بے حرمتی کا بھر پور جواب دیں-
ڈاکٹر احمد بحر نے اتوار کے روز اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں شہید ہونے والے مجاہدین کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ اور مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوجیوں کا گشت صہیونی فورسز اور رام اللہ کی فلسطینی انتظامیہ کے درمیان سیکورٹی اشتراک کا نتیجہ ہے- اس موقع پر اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا کہ اسرائیلی قابض انتظامیہ مسجد اقصی کا تقدس مسلسل پامال کیے جارہی ہے اور یہ نہایت سنگین علامت ہے- انہوں نے کہا کہ اس طرح کی جارحیت کے نتیجے میں قسام بریگیڈ اور دیگر مزاحمتی گروپ ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہیں بیٹھے رہیں گے- انہوں نے مسجد اقصی میں ہونے والی صورتحال کا ذمہ دار رام کی فلسطینی انتظامیہ کو قرار دیا ہے جس نے اسرائیلی فوج سے سیکورٹی کوآرڈینیشن، لاحاصل مذاکرات اوردشمن قیادت سے دوستانہ ملاقاتوں کے نتیجے میں ان شرپسندوں کیلئے راہ ہموار کردی ہے- آزادئ فلسطین کی معروف جماعت کی جنرل کمان نے بھی تمام مسلح فلسطینی گروہوں سے کہا ہے کہ وہ مسجد اقصی کی بے حرمتی کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے اپنی قوت مجتمع کرلیں- انہوں نے فتح اور حماس سے اپیل کی ہے کہ وہ فلسطینیوں کو درپیش عمومی خطرات اور بالخصوص مقبوضہ بیت المقدس کو لاحق صورتحال پر متحد ہو جائیں-