رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی صدر محمود عباس نے اپنے دیرینہ ساتھی محمد اشتيہ کو نیا وزیراعظم نامزد کردیا ہے اور انھیں نئی کابینہ بنانے کی دعوت دی ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق محمد اشتيہ فلسطینی صدر کی جماعت فتح کی مرکزی کمیٹی کے رکن ہیں ۔وہ سبکدوش وزیراعظم رامی حمداللہ کی جگہ لیں گے۔ بعض تجزیہ کاروں کے مطابق محمود عباس نے انھیں فتح کی حریف جماعت اور غزہ کی حکمراں حماس کو مزید تنہائی کا شکار کرنے کے لیے نامزد کیا ہے۔
محمد اشتيہ 1958ء میں پیدا ہوئے تھے اور وہ صدر محمود عباس کے قریبی مصاحبین میں شمار ہوتے ہیں جبکہ رامی حمد اللہ سیاسی طور پر آزاد تھے۔ان کی قیادت میں فلسطین کی مستعفی ہونے والی کابینہ فتح اور حماس کے درمیان مصر کی ثالثی میں قومی اتحاد کی حکومت کے لیے معاہدے کے بعد تشکیل پائی تھی اور اس کو حماس کی حمایت حاصل تھی ۔تب دونوں جماعتوں میں مفاہمت کا ماحول تھا ۔
لیکن اب ایک مرتبہ پھر غربِ اردن میں حکمراں فتح اور غزہ کی حکمراں حماس کے درمیان اختلافات پائے جاتے ہیں۔اس لیے یہ توقع کی جارہی ہے کہ نئی کابینہ میں فتح کو بالادستی ہوگی ۔البتہ اس میں چھوٹی فلسطینی جماعتوں کی بھی نمائندگی ہوگی لیکن حماس کی اس میں شمولیت کا امکان نہیں ہے۔