فلسطینی ایوان صدر کے ذرائع کے مطابق فتح کی ایگزیکٹو کمیٹی نے تنظیم آزادی فلسطین کے جنرل سیکرٹری فاروق قدومی کی برطرفی کے بعد محمود عباس کو پی ایل او کے سیاسی شعبے کا سربراہ قرار دے دیا ہے،
وہ آئندہ چند روز میں باقاعدہ طور پر اپنے منصب کا حلف اٹھائیں گے۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ حال ہی میں فتح کی ایگزیکٹو کونسل کے رام اللہ میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ یہ اجلاس رام اللہ میں جمعرات کے غیر آئینی صدر محمود عباس کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں پی ایل او کے اہم عہدوں کے لیے مختلف پارٹی قائدین کے نام تجویز کیے گئے، اس موقع پر کئی نئے عہدے بھی متعارف کرائے گئے۔ اجلاس میں یاسرعبدربہ کو فتح کا جنرل سیکرٹری، صائب عریقات کو چیئرمین امور مذاکرات ، احمد قریع کو القدس امور کا سربراہ اور بعض دیگر افراد کو بھی مختلف عہدوں پر مامور کیا گیا۔ اس کے علاوہ محمد زھدی نشاشیبی کو فلسطینی قومی فنڈ کا انچار، زکریا آغا کو امور مہاجرین و پناہ گزین، عبدالرحیم ملوح کو منتظم برائے خارجہ و عرب تعلقات، حنا عمیرہ کو سماجی امور، تیسیر خالد کو امور مغربی دنیا، صالح رافت کو فوجی امور غساب شعکہ کو بین الاقوامی تعلقات، محمود اسماعیل کو قومی امور، ریاض خضری کو تعلیم اور علی اسحق کو اسپورٹس اور امور نوجوان مقرر کیا گیا۔ اس موقع پرفیصلہ کیا گیا کہ پی ایل کے رام اللہ میں ہونے والے کسی بھی اجلاس میں غیر آئینی وزیراعظم سلام فیاض بھی موجود رہیں گے۔ نئی تنظیم سازی میں کئی اہم سرکردہ پارٹی راہنماؤں کو نظرانداز کر کے نئے افراد کو سامنے لایا گیا ہے، جس پر پارٹی حلقوں کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے۔