فلسطینی حکومت کے میڈیا سیل کے سربراہ ڈاکٹر حسن ابوحشیش کا کہنا ہے کہ فتح اور حماس کے مابین ملاقات کل قاھرہ میں ہوگی جس میں مفاہمت کے متعلق تمام امور پر بات چیت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات اس لیے انتہائی اہم ہے کیونکہ اس کے اگلی ملاقاتوں پر بھی مثبت یا منفی اثرات پڑیں گے۔
حکومتی نمائندے کے مطابق اتوار کے روز ہونے والی دونوں جماعتوں کی ملاقات کا موضوع فلسطینی انتخابات کا انعقاد، قومی حکومت کی تشکیل اور دونوں جماعتوں کے مابین متفقہ دیگر معاملات ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس اور حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل کے مابین ہونے والی مفاہمت پر عمل درآمد انتہائی ضروری ہے۔
ابو حشیش کا کہنا تھا کہ قوم نے اب تک مفاہمت کی کسی شق پر عمل درآمد ہوتے نہیں دیکھا۔ حتی کہ سیاسی گرفتاریوں کے خاتمےاور اہل غزہ کے لیے مغربی کنارے کے پاسپورٹ کے اجراء کے معاملات بھی بدستور کٹھائی میں پڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے استفسار کیا ’’ان حالات میں سیاسی پروگرام، عبوری حکومت اور تنظیم آزادی فلسطین پر مباحثے کا کیا فائدہ؟‘‘
غزہ کی فلسطینی حکومت کے ترجمان اور حماس کے رہنما نے کہا کہ قوم اب تک مفاہمت سے امیدیں لگائے عملی اقدامات کا انتظار کر رہی ہے۔