اسرائیلی پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی حکام نے رام اللہ کے شمالی قصبے سے 42 سالہ فلسطینی خاتون منال التمیمی کو گرفتار کیا ہے۔ اس پر بارڈر پولیس کے ایک سینیر عہدیدار کو فیس بک کے ذریعے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی گرفتاری شمالی فلسطین میں الدرز کے علاقے میں رہنے والے اسرائیلی فوجی افسر کی شکایت پر عمل میں لائی گئی ہے۔
خیال رہے کہ کل منگل کو صہیونی فوج نے رام اللہ کے قریب منال التمیمی کے گھر پرچھاپہ مارا اور منال کو گھر سے اٹھالیا تھا۔ اس دوران النبی صالح قصبے سے 18 دیگر فلسطینیوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ منال التمیمی نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ فیس بک پرپوسٹ کردہ اپنے بیان میں ایک فوجی افسر کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں۔ اس کے علاوہ اس نے اسرائیلی ریاست کے مخالف مواد بھی پوسٹ کر رکھا تھا۔
