فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ دوسرے ممالک میں پناہ گزین کی زندگی بسرکرنے والے فلسطینی شہریوں کو کسی بھی دوسرے ملک میں آباد کرنے کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ دشمن قوتیں فلسطینیوں کو کسی دوسرے ملک میں بسانے کی سازشیں کر رہے ہیں لیکن وہ ان سازشوں میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسماعیل ھنیہ نے ان خیالات کا اظہار غزہ کی پٹی میں جمعہ کی نماز سے قبل تقریر کرتے ہوئے کیا۔ اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ اسلام ہمارا دین ہے اور فلسطین ہی ہماری شناخت ہے۔ ہم اپنی اس شناخت کو دشمن کی سازشوں کا شکارنہیں ہونے دیں گے۔ فلسطین میں رہنا ہمارا ازلی حق ہے جو دنیا کی کوئی قوت ہم سے چھین نہیں سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ساٹھ سال سے فلسطینیوں کو ان کے ملک میں آباد کرنے کےخلاف سازشیں کی جا رہی ہیں۔ فلسطین کے اندر موجود شہریوں کو نکال باہر کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب فلسطینی، عرب ممالک اور عالم اسلام ایک نقطے پر متفق ہو جائیں گے تووہ فلسطین کی آزادی کا دن ہوگا۔ فلسطینیوں کا وطن اس وقت تک آزاد اور خود مختار نہیں کہلا سکتا جب تک فلسطین سے نکالے گئے لاکھوں افراد کو ان کے وطن میں دوبارہ آباد کرنے کا حق نہیں دیا جاتا۔
