غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) جہاد اسلامی فلسطین کے رہنما محمد الہندی نے منگل کی رات ماسکو میں ایک نشست میں تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ فلسطین کی محدود خودمختار انتظامیہ نے دو آزاد حکومتوں کی تشکیل کے نظریے کے دائرے میں غاصب صیہونیوں کو بہت زیادہ مراعات دی ہیں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق انھوں نے اس حقیقت پر تاکید کرتے ہوئے کہ غاصب صیہونی، فلسطینی اراضی کو قبضائے جانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، کہا کہ غاصب صیہونیوں کی جاری جارحیت کے پیش نظر ایک آزاد فلسطینی مملکت کے قیام کا مسئلہ حقیقت سے عاری ہے۔
الہندی نے کہا کہ جہاد اسلامی فلسطین نے ماسکو بیان پر اپنے کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے بلکہ اس بیان پر دستخط کئے جانے کی اس نے مخالفت بھی کی ہے۔ ماسکو نشست میں مختلف فلسطینی گروہ اختلافات دور اور نظریات قریب کرنے کی غرض سے جمع ہوئے ہیں۔
یہ نشست پیر کے دن شروع ہوئی جس میں دس فلسطینی گروہ مسئلہ فلسطین پر گفتگو کے لئے ماسکو پہنچے۔
روس کی جانب سے اس نشست کا مقصد فلسطین کے مسئلے میں فلسطینی گروہوں کے اختلافات دور کرنے کی کوشش قرار دیا گیا ہے۔